اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کویت کے اٹارنی جنرل نے اس ملک کی پارلیمنٹ کے رکن عبد الحمید دشتی کو سعودی عرب اور بحرین کی حکومتوں کے خلاف زبان کھولنے کے جرم میں ان کی گرفتاری کا حکم جاری کر دیا ہے۔
بدھ کے روز دشتی کی گرفتاری کے احکامات ایسے حال میں جاری کئے گئے ہیں کہ کویت کی پارلیمنٹ نے گزشتہ ہفتے سعودی عرب اور اس ملک کی عدلیہ کی توہین کے الزام میں ان کا پارلیمانی تحفظ ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کویت کی وزارت خارجہ نے بھی ۲۴ فروری کو شام کے نیوز چینل کے ساتھ گفتگو میں عبد الحمید دشتی کے خلاف اس الزام کو ثابت کرنے کی کوشش کی کہ انہوں نے سعودی عرب کو دھشتگری کا حامی کہا ہے۔
کویت کے اخبار القبس نے منگل کے روز لکھا: سعودی عرب نے اپنے پڑوسی اور حامی ملک کویت کو پارلیمنٹ کے رکن عبد الحمید دشتی کے بیانات کی وجہ سے روابط ختم کرنے کی دھمکی دی ہے۔
عبد الحمید دشتی نے گزشتہ ماہ فروری میں شام کے نیوز چینل کے ساتھ ایک انٹرویو میں سعودی عرب کا نام لیے بغیر وہابی افکار کی بیخ کنی کئے جانے کا مطالبہ کیا تھا۔
القبس نے مزید لکھا: کویت میں سعودی سفارتخانے نے کویت کی حکومت پر اعتراض کرتے ہوئے دشتی کی باتوں کو سعودی عرب کے داخلی امور میں مداخلت قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ کویت کی پارلیمنٹ کے رکن اور بشار الاسد حکومت کے حامی عبد الحمید دشتی نے حالیہ دنوں شام میں بشار الاسد سے ملاقات بھی کی ہے جس سے سعودی صیہونی لابی کا پارہ زیادہ گرم ہوا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲