21 مارچ 2016 - 20:35
سعودی لڑاکا طیاروں نے مزید گیارہ یمنیوں کو شہید کر دیا

سعودی حکومت کے وحشیانہ حملوں میں مزید گیارہ یمنی شہری شہید ہو گئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سبا کے مطابق سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے شمالی صوبے جوف کے علاقے متون کے ایک بازار میں واقع داہوق نامی وکیشنل انسٹی ٹیوٹ پر بمباری کی۔ اس حملے میں کم سے کم سات یمنی شہری شہید ہو گئے۔

خبروں میں کہا گیا ہے کہ چار دیگر یمنی شہری اس وقت شہید ہو گئے جب سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے اسی علاقے میں مائع گیس اور غذائی اشیاء لے جانے والے دو ٹرکوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا۔

ان حملوں میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے کئی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

جارح سعودی فوجیوں نے جنوبی صوبے تعز کے شہر وازعیہ کے علاقے الغیل پر بھی بمباری کی۔

سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے دارالحکومت صنعا کے علاقے الحفا اور بنی حشیش میں رہائشی علاقوں کو بھی نشانہ بنایا۔ ان حملوں میں ہونے والے ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲