20 مارچ 2016 - 14:43
نوروز عالم کے موقع پر آغا سید حسن کا دنیائے بشریت کو ہدیہ تہنیت

عید نوروز کے پر مسرت موقع پر انجمن شیعیان شرعی کشمیر کے سربراہ آغا سید حسن موسوی نے ایران قومی سمیت اقوام عالم کو مبارک باد پیش کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عید فطرت نوروز عالم کے موقع پر دنیائے بشریت کو ہدیہ تہنیت پیش کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کشمیر کے سربراہ اور حریت کانفرنس کے سینئر رہنما حجۃ الاسلام و المسلمین آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے عالم انسانیت کی امن و سلامتی، خوشحالی اور ترقی و شادابی کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ نوروز عالم کرہ ارض پر آمد بہار اور خراں رسیدہ مردہ زمین میں نئی زندگی کے آثار نمایاں ہونے کی علامت کے ساتھ ساتھ ایرانی قوم کے شمسی سال کا پہلا دن ہے۔ اہل فارس سے لسانی، تہذیبی اور ثقافتی ہم آہنگی رکھنے والی وسطیٰ ایشیاء کی متعدد قومیں بلا لحاظ مذہب و ملک اس تہوار کو تزک و احتشام سے مناتی ہیں۔ ایران اور ایرانی مملکت کے زیر نگین ملکوں میں طلوع اسلام سے پہلے بھی نوروز عالم کی خصوصی اہمیت تھی اور ظہور اسلام کے بعد بھی جب ایرانی قوم نعمت اسلام سے سرفراز ہوئی تو شاہان صفویہ نے اس دن کو جشن غدیر کی نسبت دیکر نوروز عالم کو اسی جوش و جذبے سے منانے کی روایت آگے بڑھائی۔ انہوں نے کہا کہ اس سال نوروز عالم ایرانی قوم و خلیج فارس میں تکفیری دھشتگردی کے شکار ملکوں کے مظلوم عوام کے لیے دوہری مسرتوں کا حامل ہے کیوںکہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان تاریخی جوہری معاہدہ طے پایا جس سے اسلامی جمہوریہ ایران کو تیس سالہ کمر شکن اقتصادی پابندیوں سے نجات ملی اور دنیا نے پر امن مقاصد کے لیے ایران کے جوہری صلاحیتوں کے حق کو تسلیم کیا۔ علاوہ ازیں خطے میں صیہونی مملکت کے اسلام اور مسلم دشمن عزائم کی تکمیل کرنے والی تکفیری انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے ایران کی پرخلوص کوششوں کے مطلوبہ نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور اس حوالے سے ایران کی حکمت عملی منطقی انجام کے انتہائی قریب پہنچ رہی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲