28 اپریل 2015 - 04:17
نیپال زلزلہ: ہلاکتوں کی تعداد 4000 سے تجاوز

نیپالی وزارت داخلہ کے ماتحت چلنے والے ادارے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ زلزلہ میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ۴ ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ نیپال میں شدید ترین زلزلے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 4000 سے زائد ہوگئی ہے جبکہ ساڑھے 7 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔ نیپالی وزارت داخلہ کے ماتحت چلنے والے ادارے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے جانی نقصان کے ان اعداد و شمار کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب نیپال میں ہفتے کو آنے والے 7.9 اعشاریہ شدت کے زلزلے سے متاثرہ علاقے میں امدادی آپریشن جاری ہے، جبکہ ہمسایہ ممالک کی جانب سے امدادی سامان بھی نیپال پہنچایا گیا ہے۔
امریکا، یورپ اور ایشیا کے کئی ممالک کی جانب سے ماہرین پر مشتمل ایمرجنسی ٹیمیں بچ جانے والے افراد کی تلاش کے لیے نیپال پہنچ گئیں ہیں۔
نیپال کے محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں تیز بارش اور طوفان کا امکان ظاہر کیا ہے۔
نیپال میں شدید زلزلے کے بعد آفٹرشاکس کا سلسلہ بھی جاری ہے،اتوار کو زلزلے کا ایک شدید جھٹکا محسوس کیا گیا جس کی شدت 6.7 بتائی گئی، آفٹر شاکس کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں واپس جانے میں خوف محسوس کر رہے ہیں اور ہزاروں افراد نے دوسری رات بھی سخت سرد موسم میں کھلے آسمان تلے بسر کی۔عمارتوں کے ملبے تلے بہت سے لوگ پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کی کوششیں جاری ہیں ۔ اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف کے مطابق متاثرہ علاقوں میں خوراک اور پانی کی قلت ہے، جبکہ خراب موسم اور سڑکیں تباہ ہونے کے نتیجے میں امدادی کارروائیوں میں بھی رکاوٹ پیش آ رہی ہے۔

دوسری جانب انڈیا میں زلزلے کے باعث 61 ہلاکتیں ہوئیں جبکہ چین کے مطابق تبت میں بھی 20 لوگ زلزلے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲