اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کے علاقے کردستان کے سربراہ نے اس علاقے کی خود مختاری کے لئے ریفرینڈم پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس علاقے پر داعش کے حملے کا مقصد اس کی خود مختاری کی روک تھام کرنا ہے-
عراقی کردستان کے علاقے کے سربراہ مسعود بارزانی نے صوبہ دھوک کی شخصیات، علماء اور عمائدین کے ساتھ ملاقات کے دوران عراق کے کرد آبادی والے علاقوں پر دہشتگرد گروہ داعش کے وسیع حملے کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ اس حملے کا مقصد عراقی کردوں کی خود مختاری کی روک تھام اور تمام متنازعہ علاقوں کو پیشمرگہ فورس کے کنٹرول سے باہر نکالنا ہے-
واضح رہے کہ مسعود بارزانی کرد علاقوں پر دہشتگرد گروہ داعش کے حملوں سے قبل بھی بارہا کرد آبادی والے علاقوں کی عراقی سرزمین سے علیحدگی کا مطالبہ کر چکے ہیں جس کے خلاف عراق کے صدر، وزیر اعظم، عراقی پارلیمنٹ کے اراکین ، عراق کے مختلف علاقوں کے شہریوں اور دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ عراق کو تقسیم کرنے کی کسی بھی صورت میں اجازت نہیں دی جائے گی اور کردستان عراقی سرزمین کا اٹوٹ حصہ ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲