25 اپریل 2015 - 11:38
پیشمرگہ فورس موصل کو آزاد کرانے پر قادر، بارزانی کا اعلان

عراق کے کردستان علاقے کی مقامی حکومت کے سربراہ نیچروان بارزانی نے کہا ہے کہ کرد پیشمرگہ فورس داعش کو موصل سے باہر نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے لیکن اس اقدام سے عربوں اور کردوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہو جائے گی-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق نیچروان بارزانی نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ اگر موصل کو آزاد کرانے کے فوجی پہلو کو دیکھا جائے تو پیشمرگہ فورس یہ کام کر سکتی ہے لیکن اگر پیشمرگہ فورس موصل شہر پر کہ جو قدیم زمانے سے عربوں کی سرزمین رہا ہے، قبضہ کرتی ہے تو ممکن ہے کردوں اور قوم پرست عربوں کے مابین اختلافات پیدا ہو جائیں اور یہ وہ چیز ہے جس کے ہم خواہاں نہیں ہیں۔ نیچروان بارزانی نے مزید کہا کہ عراقی حکومت نے ابھی موصل شہر کی آزادی کا مکمل منصوبہ تیار نہیں کیا لہذا یہ شہر ابھی بہت جلد آزاد نہیں ہو گا۔ انہوں نے امریکہ کی جانب سے کردستان علاقے کو براہ راست اسلحہ فراہم نہ کرنے پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ داعش سے مقابلے کی فرنٹ لائن پر ہم جو کام کر رہے ہیں اسے نہ تو درک کیا جا رہا ہے اور نہ ہی اس کی قدردانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک ایک ہزار تین سو سے زائد کرد داعش کے ساتھ مقابلے میں شہید ہو چکے ہیں جبکہ تقریبا ساڑھے پانچ ہزار شدید زخمی ہوئے ہیں۔

.......

/169