17 اپریل 2015 - 02:57
روس اور یورپی یونین کے تعلقات بحرانی ہوگئے

روس کے وزیر توانائی نے کہا ہے کہ انرجی کے شعبے میں روس اور یورپی یونین کے تعلقات کشیدہ ہوگئے ہیں.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق الگزنڈر نوواک نے کہا ہے کہ اگر ہم مسئلے کا حقیقت پسندانہ جائزہ لیں تو سمجھ جائیں گے کہ روس اور یورپی یونین کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعلقات کا توازن، جو گذشتہ چند عشروں کے دوران متوازن تھا اب بحرانی ہوگیا ہے۔

روسی وزیر توانائی نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے کہ گذشتہ دسمبر میں روس کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ یورپی یونین کے ساتھ اس کے جو اختلافات ہیں اس کے پیش نظر وہ، ساؤتھ اسٹریم گیس پائپ لائن پر عملدرآمد کے منصوبے پر کام نہیں کرے گا ۔
ساؤتھ اسٹریم گیس پائپ لائن پر عملدرآمد کا مقصد یورپی یونین کے بعض ممالک اور بالقان کے ممالک کو روسی گیس فراہم کرنا تھا۔
اس گیس پائپ لائن پروجکٹ پر عملدرآمد کے ذریعے، اس راستے میں واقع تیل پیدا کرنے والے اور صارف ممالک خاص طور پر یوکرین سے وابستگی کو کم کرنا تھا۔ لیکن اب اس منصوبے کو کنارے لگا دیا گیا ہے۔
ماسکو نے فیصلہ کیا ہے کہ ایک اور گیس پائپ لائن تعمیر کرے گا جس کے ذریعے سے بحیرۂ اسود کو پار کرکے ترکی کی سرحد اور یونان تک گیس پہنچائی جائے۔ اگر ترکش اسٹریم نامی اس گیس پائپ لائن پر عملدرآمد ہوجاتا ہے تو سال میں ترسٹھ ارب مکعب میٹر گیس منتقل کی جاسکے گی.

.....

/169