17 اپریل 2015 - 02:42
دہشت گردی کے فروغ سے متعلق ایران کے وزیر دفاع کا انتباہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے داعش سمیت دیگر دہشت گرد گروہوں کی حمایت اور ان کے اثرو رسوخ کی بابت خبردار کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر حسین دہقان نے جمعرات کے روز ماسکو میں منعقدہ چوتھی بین الاقوامی سیکورٹی کانفرنس میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دہشت گرد گروہ ایک منظم فوجی ڈھانچہ قائم کرنے کے درپے ہیں کہا کہ فوجی اہلکاروں کو ان منظم دہشت گرد تنظیموں سے مقابلے کی ذمہ داری سنبھالنی چاہئے۔ ایران کے وزیر دفاع نے کہا کہ امریکہ اور صہیونی حکومت کی نئی اسٹریٹیجی اور علاقے کے بعض ملکوں کے دانستہ یا نا دانستہ اقدامات، خطے کی جغرافیائی و سیاسی صورتحال کو درھم برھم کرنے اور نیا سیاسی سیکورٹی توازن قائم کرنے کے لئے، داعش جیسے تکفیری دہشت گرد گروہوں کو استعمال کرنے کے غماز ہیں۔ مشرق وسطی کے حالات سے اس امر کی نشاندہی ہوتی ہے کہ داعش اور دیگر تکفیری دہشت گرد گروہوں کی حامی حکومتیں، شام اور عراق میں اپنے مد نظر اہداف میں ناکامی کے باوجود، ماضی کے اپنے رویوں میں تبدیلی لانے کے بجائے، دہشت گردوں کو ٹریننگ دینے اور ان کو دوبارہ منظم کرنے میں کوشاں ہیں۔ حسین دہقان کے بقول داعش اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی حامی حکومتوں کی کوشش یہ ہے کہ تکفیریوں کو منظم کرکے انہیں افغانستان، قفقاز، وسطی ایشیاء، ہندوستان، مغرب ، چین اور حتی یورپ منتقل کریں۔ اور یہ مسئلہ ممکن ہے وسطی ایشیاء اور جنوبی و شمالی قفقاز میں دوبارہ جنگ کے شعلے بھڑک اٹھنے اور موقع پرست طاقتوں کی اس خطے موجودگی کا باعث بن جائے۔

.......

/169