15 اپریل 2015 - 12:49
جدہ میں ایرانی زائرین کی توہین سارے مسلمانوں کا مسئلہ ہے

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ جدہ میں ایرانی زائرین کی توہین سارے مسلمانوں کا مسئلہ ہے اور سعودی عرب کی حکومت اس مسئلے کا فوری طور پر نوٹس لے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ایران کے دفتر خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے بدھ کے دن پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سعودی عرب کی حکومت کو جدہ میں ایرانی زائرین کے ساتھ بدسلوکی کا فوری طور پر نوٹس لینا چاہیے اور اس واقعے میں ملوث افراد کو قوانین کے مطابق سزا دینی چاہیے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ یہ ہمارا مطالبہ ہے کہ جس کا ہم نے صراحت کے ساتھ اعلان کیا ہے- انہوں نے کہا کہ جدہ میں ہمارا سفارت خانہ اس کیس کی پیروی کررہا ہے اور ہم نے سعودی حکام کو اس بات سے آگاہ کردیا ہے- مرضیہ افخم نے یمن کے بحران کے بار ے میں کہا کہ اس بحران کو فوجی طریقوں سےحل نہیں کیا جاسکتا بلکہ اسے گفتگو کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مجوزہ ایٹمی معاہدے پر نگرانی کے بارے میں امریکی سینٹ کی خارجہ پالیسی کمیٹی کے فیصلے کےبارے میں کہا کہ ہم حکومتوں کے ساتھ مذاکرات کررہے ہیں اور عالمی قوانین کے مطابق یہ حکومتیں ہوتی ہیں جو ہر طرح کے معاہدے پرعمل درآمد کی ذمہ دار ہوتی ہیں- مرضیہ افخم نے کہا کہ سینیٹ کی خارجہ پالیسی کمیٹی کا فیصلہ امریکہ کے داخلی قوانین کے دا‏ئرہ کار میں ہے اور ہم امریکی حکومت کے مد مقابل ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے ماہرین قانون، اس کی قانونی حیثیت کا جائزہ لے رہے ہیں- ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے تہران میں برطانوی سفارت خانے کے دوبارہ کھولے جانے کے بارے میں کہا کہ اس سلسلے میں مذاکرات انجام دئے جارہے ہیں جبکہ دونوں ملکوں کے ناظم الامور ایک دوسرے کے ملکوں کا دورہ کررہے ہیں- انہوں نے ایران اور پانچ جمع ایک کے درمیان حتمی معاہدے کے مسودے کی تیاری کے لئے فریقین کے ماہرین کے مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان مذاکرات کی جگہ کا تعین نہیں کیا گیا ہے اور اس کا اعلان مذاکرات کے شروع ہونے سے ایک دو دن پہلے کیا جائے گا- انہوں نے این پی ٹی جائزہ کانفرنس کے بارے میں بھی کہا کہ چونکہ اس کانفرنس میں ایران کے وزیرخارجہ شریک رہیں گے اس بات کا امکان ہے کہ اس کانفرنس کے موقع پر ایٹمی مذاکرات بھی انجام پائیں- انہوں نے کہا کہ ایران کے وزیر دفاع جنرل حسین دہقان، روس کے دورے میں ایس تھری ہنڈریڈ اینٹی میزائل سسٹم تحویل میں لینے کے بارے میں روس سے مذاکرات کریں گے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲