14 اپریل 2015 - 11:08
تہران اور اسلام آباد دھشتگردی سے مقابلے کے لیے مزید کوشش کریں

بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے کہا ہے کہ تہران اور اسلام آباد بعض مسائل کے حل خاص طور پر دہشت گردی سے مقابلے کے لئے مزید کوششیں انجام دیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  رپورٹ کے مطابق بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر اور تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹجک تحقیقاتی مرکز کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے منگل کے روز تہران میں پاکستان کے سفیر نور محمد جادمانی کے ساتھ ملاقات میں، بحران یمن کے سلسلے میں پاکستان کے حالیہ موقف کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران تمام پڑوسی ملکوں خاص طور پر پاکستان کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔ تشخیص مصلحت نظام کونسل کے اسٹریٹجک تحقیقاتی مرکز کے سربراہ علی اکبرولایتی نے کہا کہ سعودی عرب، امریکہ اور بعض دیگر ملکوں کی حمایت سے یمن کے عوام کا بلاسبب قتل عام کر رہا ہے اور اپنے بےبنیاد دعووں کے ذریعے یمن کی بنیادی تنصیبات کو تباہ اور امریکہ اور صہیونی حکومت کی حمایت بھی کر رہا ہے۔ ڈاکٹر ولایتی نے کہا کہ آج داعش جیسے انتہا پسند گروہ مسلمانوں کے دشمن ہیں اور وہ ان میں کسی فرق کے قائل نہیں ہیں، چاہے وہ اسلام کے جس فرقے سے بھی تعلق رکھتے ہوں۔ بین الاقوامی امور میں رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے عملی طور پر فلسطین کے مظلوم عوام کی جدو جہد کی حمایت کی ہے اور سرزمین فسطین کی آزادی کے لئے اپنی تمام تر کوششیں انجام دی ہیں اور یقینا کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔ ڈاکٹر ولایتی نے مزاحمت کو کامیابی کا واحد راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر مسلمانوں کو قتل بھی کر رہے ہیں اور اسلام کے ٹھیکیدار بھی بنے بیٹھے ہیں جس سے ان کے قول و فعل میں تضاد ثابت ہو جاتا ہے، ساتھ ہی وہ اسلام اور مسلمانوں کے تشخص کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں۔ تہران میں پاکستان کے سفیر نے بھی دونوں ملکوں کے تعلقات کو بہت بہتر بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں ملکوں کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات مزید بہتر بنائے جائیں اور اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے حکام کی آمد و رفت مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲