اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ شام کے حالات نہایت بحرانی ہیں- ا نہوں نے کہا کہ شام میں جنگ سے متاثرہ افراد کو انسانی دوستانہ امداد پہنچانے میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں- بان کی مون نے دمشق کے قریب واقع فلسطیینوں کے پناہ گزیں کیمپ یرموک پر تکفیری دہشتگرد گروہ داعش کے حملوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مہاجر کیمپ پر تکفیری دہشتگردوں کے حملوں کے بعد پانچ لاکھ کی آبادی گھٹ کر اٹھارہ ہزار رہ گئی ہے جبکہ کیمپ میں لڑائی کی وجہ سے دو ہزار فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں- انہوں نے کہا کہ شرم الشیخ میں عرب لیگ کے سربراہی اجلاس میں یمن کے بارے میں کافی گفتگو ہوئی ہے- انہوں نے آل سعود اور اسکے اتحادیوں کے ہاتھوں یمن کے نہتے عوام کے قتل عام کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ یمن کا بحران مذاکرات سے حل ہو سکتا ہے- انہوں نے کہا کہ یمن میں تمام گروہوں کو چاہیے کہ وہ مذاکرت کی میز پر آجائیں- بان کی مون نے عراق کی صورتحال کے بارے میں کہا کہ میں تمام ملکوں سے جو عراق میں اثر و رسوخ کے حامل ہیں اور داعش کے دہشتگردوں کو شکست دینے میں کردار ادا کرسکتے ہیں، اپیل کرتا ہوں کہ عراق کی مدد کریں- انہوں نے کہا کہ عراقی فوج اور عوامی فورسز کو حالیہ مہینوں میں داعش کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲