اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اطلاعات کے مطابق صوبۂ میدان وردک کے پولیس سربراہ اندرابی نے بتایا کہ نامعلوم مسلح افراد نے منگل کے روز صبح سیدآباد شہر میں ایک مسافر بس پر فائرنگ کرکے تیرہ افراد کو قتل جبکہ تین دیگر کو زخمی کردیا - اندرابی کے مطابق اس حملے کے بعد مسلح افراد اور پولیس کے درمیان جھڑپ ہوئی جس میں ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا- یہ بس وردک سے قندھار جا رہی تھی- ادھر پیر کے روز غزنی شہر کے فٹبال اسٹیڈیم میں ہونے والے ایک دہشت گردانہ بم دھماکے میں پندرہ افراد جاں بحق اور زخمی ہوگئے- صوبۂ غزنی کے ڈپٹی گورنر محمد علی احمدی نے منگل کو افغانستان کے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ یہ بم دھماکا پیر کو دوپہر کے بعد ہوا جب نوجوان فٹبال کھیل رہے تھے- بم کو ایک سائیکل میں نصب کیا گیا تھا - محمد علی احمدی نے کہا کہ بم دھماکے میں پانچ فٹبال کھلاڑی اور بعض دیگر افراد مارے گئے جبکہ دس عام شہری زخمی ہوئے ہیں- گزشتہ ماہ میں ہونے والے اغوا اور عام شہریوں پر حملے، خاص طور سے ہزارہ برادری کے خلاف تشدد، کے واقعات سے افغان عوام میں تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے - گزشتہ مہینے میں صوبۂ زابل میں مسلح افراد نے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے اکتیس مسافرین کو اغوا کرلیا تھا جن کے بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے -
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲