اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ مختلف علاقوں میں داعش دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر عراقی فضائیہ کے حملوں میں دہشتگردوں کے کئی ٹھکانے تباہ ہونے کے علاوہ کم از کم ستّر داعشی مارے گئے ہیں- ان حملوں میں تکفیر دہشت گردوں کی کئی گاڑیوں کو بھی تباہ کردیا گیا- دوسری جانب شمالی عراق کے صوبے کرکوک کے جنوب مشرق میں واقع علاقے داقوق میں داعش دہشتگردوں کی جانب سے بچھائی جانے والی بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں، کرد پیشمرگہ ملیشیا کے دو افراد جاں بحق ہوگئے- کرد ذرائع کے اعلان کے مطابق جاں بحق ہونے والے کرد پیشمرگہ ملیشیا کے ان دونوں افراد کا تعلق، عراقی کردستان کے علاقے حلبچے سے ہے- ذرائع کے مطابق کرد پیشمرگہ ملیشیا نےعراق کے شمال مغربی صوبے نینوا کے علاقے سنجار کے اطراف میں ہفتے کی رات داعش دہشتگرد گروہ کے حملے کو ناکام بنادیا- ان جھڑپوں میں بھاری ہتھیاروں کا استعمال ہوا تاہم کرد پیشمرگہ ملیشیا کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ داعش دہشتگردوں کو سخت ہزیمت اٹھانا پڑی- واضح رہے کہ داعش دہشتگردوں نے شمالی عراق کے بعض علاقوں پر گذشتہ موسم گرما سے قبضہ کررکھا ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲