اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کے نائب صدر اسامہ النجیفی نے کہا ہے کہ موصل میں جنگ، عراق اور علاقے میں دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دے گی-
موصولہ رپورٹ کے مطابق عراق کے نائب صدر اسامہ النجیفی نے صوبہ نینوا کی آزادی کے لیے فوجی وسائل اور افرادی قوت میں اضافے پر تاکید کی ہے- اسامہ النجیفی کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراق کے نائب صدر نے گزشتہ رات وزیر دفاع کے ہمراہ صوبہ نینوا کے نمائندوں کے ساتھ ایک طویل میٹنگ کی- اسامہ النجیفی نے اس میٹنگ میں کہا کہ اب وقت آ پہنچا ہے کہ ہم صوبہ نینوا کو آزاد کرانے کے لیے اپنے وسائل اور طاقت استعمال کریں کیونکہ اس صوبے کے عوام بے صبری کے ساتھ اپنے صوبے کو دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرنے کا انتظار کر رہے ہیں- انھوں نے اس صوبے کے تمام نمائندوں سے اپیل کہ عوامی رضاکار فورس کی تعداد میں زیادہ سے زیادہ اضافے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائیں- وہ انھیں زیادہ سے زیادہ تیار اور مسلح کریں تاکہ وہ عراقی سرزمین کو قابض دہشت گردوں کے وجود سے پاک کریں- انھوں نے مزید کہا کہ موصل میں جنگ فیصلہ کن ہو گی اور دہشت گردوں کی کمر نہ صرف عراق میں بلکہ پورے علاقے میں ٹوٹ جائے گی-
یہ ایسے وقت میں ہے کہ جب عراق کے نائب صدر نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ صوبہ نینوا کی آزادی میں تاخیر نہیں کی جائے گی اور انھوں نے اس صوبے کو تکفیری دہشت گرد گروہ داعش کے دہشت گردوں کے وجود سے پاک کرنے کے لیے فورس تیار کرنے کی اپیل کی تھی-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲