6 مارچ 2015 - 12:59
بحرینی حکومت کی جارحانہ پالیسیوں کے خاتمے کا مطالبہ

بحرین میں انسانی حقوق کی مدافع تنظیم کے سربراہ جواد فیروز نے بحرینی مظاہرین کے خلاف آل خلیفہ حکومت کی جارحانہ پالیسیوں کے خاتمے کی ضرورت پر تاکید کی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ بحرین میں انسانی حقوق کی مدافع تنظیم کے سربراہ جواد فیروز نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اٹھّائیسویں اجلاس کے موقع پر ایک بیان میں کہا ہے کہ آمر حکومتیں سزائے موت کے حکم سے، سیاسی مخالفین سے انتقام کے لئے استفادہ کررہی ہیں- انھوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ، بحرینی عوام کے خلاف انتقام کے طور پر سنائے جانے والے اس قسم کے فیصلوں کی مخالفت کرے اور ان پر عمل کئے جانے کی ہرگز اجازت نہ دے- جواد فیروز نے سیاسی کارکنوں کی سزائے موت کا جائزہ لینے کے لئے ایک خصوصی رپورٹر بحرین روانہ کئے جانے کی ضرورت پر بھی زور دیا- دوسری جانب بحرین میں جمعیت الوفاق کے اسیر رہنما شیخ علی سلمان کو زیرحراست رکھے جانے کے خلاف، احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے اطلاعات کے مطابق جمعرات کی رات" بلادالقدیم " میں اسی طرح کے ایک مظاہرے میں شیخ علی سلمان کو فوری طور پر رہا کئے جانے کا مطالبہ کیا گیا- جمعیت الوفاق کے سربراہ کو حراست میں لئے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ گذشتہ دو مہینوں سے جاری ہے- انھیں بحرینی عوام کے حقوق کی بحالی اور جمہوریت کے قیام کے مطالبے کی بناپر گذشتہ سال اٹّھائیس دسمبر کو آل خلیفہ حکومت کی سیکورٹی فورس نے حراست میں لیا تھا اور پھر حراست کی مدّت میں مزید توسیع کردی گئی- جمیعت الفاق کے سربراہ کو حراست میں لئے جانے کے خلاف نہ صرف بحرین بلکہ عالمی سطح پر وسیع پیمانے پر احتجاج کیا گيا اور دنیا کے مختلف ملکوں کی حکومتوں، رہنماؤں اور عالمی اداروں نے شیخ علی سلمان کو فوری طور پر رہا کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲