اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر علی لاریجانی نے تہران میں اٹلی کے وزیر خارجہ سے ملاقات میں علاقے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام میں مدد کو اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی قرار دیا اور کہا کہ علاقے میں حالیہ برسوں کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کی پالیسی ہمیشہ پائیدار امن و استحکام کے قیام میں مدد دینے پر استوار رہی ہے- انھوں نے ایٹمی معاملے میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکراتی عمل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مقابل فریقوں کی نیک نیتی اور سنجیدگی کی صورت میں ایٹمی مذاکارات سے مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں- انھوں نے اسی طرح ایران اور اٹلی کے پارلیمانی وفودکے ایک دوسرے کے ملکوں کے دوروں کو جاری رکھنے کی اہمیت اور ماضی میں دونوں ملکوں کے مثبت تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران اور اٹلی کے درمیان مختلف اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں بہت زیادہ مواقع موجود ہیں جن سے آپسی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے استفادہ کیا جا سکتا ہے- اٹلی کے وزیر خارجہ پاؤلو جنٹیلونی نے بھی اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دیرینہ تاریخی تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی نے ہمیشہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنے سیااسی اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش کی ہے- انھوں نے دنیا کے مختلف علاقوں میں امن و استحکام قائم کرنے میں اپنے ملک کی پالیسی پرزور دیتے ہوئے دہشت گردی کو علاقے اور دنیا کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا اور کہا کہ علاقے میں امن و استحکام قائم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اجتماعی بین الاقوامی عزم و ارادے کے ساتھ دہشت گرد گروہوں کا مقابلہ کیا جائے.
.......
/169