28 فروری 2015 - 15:38
نیپال میں نئے آئین کے مسودے کے خلاف پر تشدد مظاہرے

نیپالی پولیس نے بنیادی آئین کے مسودے کے خلاف عوام کے مظاہرے کی سرکوبی کیلئے آنسو گیس کا استعمال کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کھٹمنڈو سے موصولہ رپورٹ کے مطابق نیپال کے ہزاروں افراد نے نئے آئین کے مسودے کے خلاف ایک وسیع مظاہرہ کیا جس کی سرکوبی کیلئے پولیس نے واٹر کینن مشینوں اور آنسوگیس کا استعمال کیا۔ اس موقع پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں اور مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ نیپال کے پولیس ترجمان نے مظاہرین کی تعداد تقریبا پینتیس ہزار بتائی ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق صورت حال کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے چار ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ نیپال میں حکومت مخالفین کا کہنا ہے کہ تمام جماعتوں کی مفاہمت سے بنیادی آئین کا مسودہ تیار کیا جانا چاہئے کیونکہ نیپال کی حکمران جماعت یکطرفہ طور پر آئین تیار کرکے اس پر عمل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ واضح رہے کہ نیپال میں سنہ انّیس سو چھیانوے سے لے کر، سنہ دو ہزار چھے تک جاری رہنے والی اندرونی جنگ میں تقریبا سولہ ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲