17 فروری 2015 - 06:31
ڈنمارک، یہودیوں نے نیتن یاہو کی پیشکش مسترد کردی

ڈنمارک میں مقیم یہودیوں نے اپنی عبادت گاہ پر حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بین یامین نیتن یاہوکی جانب سے کی جانے والی پیشکش مسترد کر دی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ڈنمارک میں یہودی کمیونٹی کے ترجمان جیپی جوہل کا کہنا تھا کہ وہ نیتن یاہو کی تشویش پران کے شکر گزار ہیں تاہم وہ ڈنمارک کے شہری ہیں اور اس دہشت گردی کے سبب ہم اسرائیل نہیں جا سکتے۔

انہوں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈنمارک کے یہودیوں کی بہتری کے لئے فکر کرنے پر وہ اسرائیلی وزیراعظم کی تشویش کو سمجھ سکتے ہیں تاہم وہ اسرائیل مہاجرت نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ڈنمارک میں ہی رہیں گے ۔

کوپن ہیگن میں یہودی عبادت گاہ  پر حملے کے دوران ایک یہودی گارڈ کی ہلاکت کے بعد گزشتہ روز صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے یورپ میں رہائش پذیر یہودیوں کو مقبوضہ فلسطین کی جانب مہاجرت کرنے کی اپیل کی تھی۔

اسرائیلی وزیر اعظم کا یورپ کے یہودیوں کو مخاطب کرتے ہو ئے کہا تھا کہ اسرائیل ان کا گھر ہے اور اسرائیل ایک بہت بڑی ہجرت کو برداشت کرنے کے لئے تیار ہے اور اس کا اعلان  بھی کرتا ہے۔

نیتن یاہو نے ایسا ہی ایک اعلان پیرس حملے میں چار یہودیوں سمیت 17 افراد کے مارے جانے کے بعد بھی کیا تھا۔

.......

/169