اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بحرینی عوام نے انقلاب کی چوتھی سالگرہ کے پروگراموں کے آغاز کے موقع پربدھ اور جمعرات کی درمیانی رات ملک کے مختلف علاقوں میں مظاہرےکرکے اللہ اکبر کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ بحرینی عوام نے بدھ کی رات سے تین روزہ ملک گیر ہڑتال شروع کردی ہے۔ یہ ہڑتال بحرینی عوام کے چودہ فروری کے انقلاب کی چوتھی سالگرہ کی مناسبت سے کی جارہی ہے جس کے دوران بحرینی عوام اپنے اس عزم کااعلان کررہے ہيں کہ جب تک ان کے جائز اور قانونی مطالبات پورے نہيں ہوجاتے وہ اپنی پرامن تحریک جاری رکھیں گے۔ بحرینی عوام کا کہنا ہے کہ ان کی ملک گير ہڑتال کا مقصد اپنے جائز اور قانونی مطالبات پر زور دینا ہے۔ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات بحرینی عوام نے اپنے انقلاب کی سالگرہ یعنی چود ہ فروری کی آمد کی مناسبت سے اپنے احتجاجی پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے رات کو مظاہرے کئے، اپنے گھروں کے باہر کی لائٹوں کو بجھا دیا اور مختلف علاقوں منجملہ سار، سترہ اور منامہ کے علاقے البلاد القدیم، الدیہ اور سلما باد میں اللہ اکبر کے نعرے لگائے۔ اس دوران تمام دکانیں اور تمام راستے اور سڑکیں بھی بند کردی گئیں۔ بحرین کے انقلابی نوجوانوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اس عرصے میں اپنے کام پرنہ جائيں اورطلبا یونیورسٹیوں کی کلاسوں کا بائيکاٹ کریں۔ البتہ بحرینی انقلابیوں کی اس اپیل سے اسپتال اور طبی مراکز مستثنی ہیں۔
بحرین کے انقلابی نوجوانوں نے تین روزہ ملک گیر ہڑتال کے ساتھ ہی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اشیا اور غیر ضروری سامان کی خرید و فروخت روک دیں اور خود کو شہروں کے اہم چوراہوں اوراسکوائر پر پہنچائیں اور وہاں احتجاجی اجتماع کریں۔ بحرین کے انقلاب کی چوتھی سالگرہ کی تقریبات کا انعقاد ایک ایسے وقت ہوا ہے جب اس ملک کے مختلف علاقوں منجملہ بحرین کی جمعیت الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کے آبائي علاقے البلاد القدیم میں لوگ بڑے پیمانےپرمظاہرہ کرکے شیخ علی سلمان کی فوری رہائی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ یاد رہے کہ آل خلیفہ حکومت نے شیخ علی سلمان کو گذشتہ اٹھائیس دسمبر گرفتار کرلیا تھا۔ یاد ہے کہ بحرین میں چودہ فروری دوہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف عوامی تحریک جاری ہے۔ بحرینی عوام اپنے ملک میں آزادی ، انصاف کے قیام، امتیازی سلوک کے خاتمے اور منتخب عوامی حکومت کے خواہاں ہیں تاہم آل خلیفہ حکومت بعض عرب ملکوں منجملہ سعودی عرب کی حمایت سے عوامی مظاہروں کو طاقت کے ذریعے کچل رہی ہے۔ آل خلیفہ حکومت کے ان ظالمانہ اقدامات کے باوجود بحرینی عوام اپنے مطالبات کی تکمیل کے لئے اپنی پرامن تحریک بدستور جاری رکھے ہوئے ہيں۔
.......
/169