2 فروری 2015 - 16:23
عراق کے شہر فلوجہ میں اجتماعی قبر کا انکشاف

عراق کے مغربی شہر فلوجہ میں ایک اجتماعی قبر کا انکشاف کیا گیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ عراق کے صوبے الانبار کے الدلیم قبیلے کے ایک سردار محمد الدلیمی کے حوالے سے النخیل نیوز ایجنسی نے رپورٹ دی ہے کہ صوبے الانبار کے مشرق میں واقع شہر فلوجہ میں، ملنے والی اس اجتماعی قبر سے 137 لاشیں برآمد کی گئی ہیں جنھیں داعش دہشتگردوں نے قتل عام کرنے کے بعد اجتماعی قبر میں دفن کردیا تھا- محمد الدلیمی کا کہنا ہے کہ داعش دہشتگرد گروہ نے ان افراد کو اغوا کرلیا تھا جنھیں شہر فلوجہ کے حّی الصناعی علاقے میں موت کے گھاٹ اتارا گیا اور پھر انھیں اجتماعی قبر میں سپرد خاک کیا گیا- داعش دہشتگرد گروہ نے ان افراد کا قتل عام کرکے ان کی اجتماعی قبر کو خاک سے یکساں کردیا تھا تاکہ اس گروہ کے وحشیانہ جرائم کی پردہ پوشی ہوسکے- اجتماعی قبر سے برآمد کی جانے والی لاشوں میں عراقی سیکیورٹی اہلکاروں کی لاشیں بھی شامل ہیں- محمد الدلیمی کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے صوبے الانبار کے عوام کو دھمکی دی تھی کہ انھوں نے اگر عراقی سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کیا اور داعش گروہ کے ساتھ تعاون نہیں کیا تو انھیں سب کو قتل کردیا جائےگا- واضح رہے کہ عراق کے صوبے الانبار میں ابتک کئی اجتماعی قبروں کا انکشاف ہوا ہے، جن سے سینکڑوں کی تعداد میں لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں- ان سبھی افراد کو داعش کے سفاک دہشتگردوں نے موت کے گھاٹ اتارا ہے- دوسری جانب عراق کے پارلیمانی اسپیکر سلیم الجبوری نے اعلان کیا ہے کہ عراق سے عنقریب داعش دہشتگردوں کا صفایا کردیا جائےگا-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲