30 جنوری 2015 - 11:17
بوکوحرام کا مقابلہ کرنے کے لئے کثیرالقومی فوج کی تشکیل

افریقی یونین نے بوکو حرام گروہ کا مقابلہ کرنے کے لیے ساڑھے سات ہزار افراد پر مشتمل علاقائی فورس تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے -

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ آدیس آبابا سے موصولہ رپورٹ کے مطابق افریقی یونین کمیشن کے نئے سربراہ نکوسازانا دلامینی زوما نے جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب افریقی یونین کی امن و سلامتی کونسل کے اجلاس کے بعد ایک بیان میں کہا کہ اس گروہ نے عام شہریوں پر جس طرح کے مظالم ڈھائے ہیں، لوگوں سے وحشیانہ سلوک کیا ہے، انسانی زندگیوں کے ساتھ جس طرح کا کھیل کھیلا ہے اور جس بے دردی کے ساتھ لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچایا ہے، اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی- انہوں نے اسی طرح بوکوحرام کی وحشیانہ کاروائيوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات اور تشدد میں اضافے پر افسوس کا اظہار کیا-
واضح رہے کہ بوکوحرام کا تشدد ایک علاقائی بحران میں تبدیل ہو چکا ہے اور چارافریقی ملک کیمرون، چاڈ، نائیجر اور نائیجیریا اس سے براہ راست متاثر ہیں- ان چار ملکوں کے علاوہ بنین نے بھی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے کثیرالقومی مشترکہ فورس تشکیل دینے  پر اتفاق کیا ہے- نائیجریا میں دو ہزار نو میں بوکوحرام کے تشدد کے آغاز سے لے کر اب تک تیرہ ہزار سے زائد افراد ہلاک اور دس لاکھ سے زائد بےگھر ہو چکے ہیں-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲