27 جنوری 2015 - 13:55
باراک اوباما سعودی عرب کے لئے روانہ

امریکی صدر بارک اوباما ہندوستان کا اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد سعودی عرب کیلئے روانہ ہوگئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی نے امریکی صدر بارک اوباما کے دورۂ نئی دہلی کے اختتام پر اپنے ایک بیان میں اس دورے کو مفید اور نتیجہ خیز قرار دیا۔ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کے اس دورے سے ہندوستان اور امریکہ کے تعلقاتقابل ذکر حدتک فروغ پائے ہیں۔

بارک اوباما اپنے دورۂ نئی دہلی کے آخری روز آگرہ میں تاج محل بھی جانا چاہتے تھے مگر ریاست اتر پردیش نے انھیں اپنی گاڑی سے وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جس کی بناء پر انھوں نے تاج محل جانے کا اپنا پروگرام منسوخ کردیا۔
دوسری جانب امریکہ کی قومی سلامتی کے نائـب مشیر بین روڈز نے کہا ہے کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی اور امریکی صدر بارک اوباما کے درمیان ایران کے جوہری پروگرام کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی ہے۔
امریکہ کی قومی سلامتی کے نائـب مشیر بین روڈز نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ایران کے خلاف پاپندیوں کے نفاذ میں ہندوستان بھی شامل رہا ہے اور حال ہی میں اس نے ایسے قدم اٹھائے ہیں جس سے اس بات کا اطمینان ہوسکے کہ نئی دہلی نے تہران کے ساتھ لین دین میں کمی کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستان کے وزیراعظم نریندرمودی اور امریکی صدر بارک اوباما کے درمیان افغانستان کے مسائل کے بارے میں بھی گفتگو ہوئی ہے.

.......

/169