25 جنوری 2015 - 16:22
جارجیا اسپیکر پارلیمنٹ کی ایران کے صدر جمہوریہ سے ملاقات

اسلامی جمہوریہ ایران اور جارجیا نے مختلف سیاسی و اقتصادی میدانوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جارجیا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر داویت اوساپا شویلی نے اتوار کو تہران میں صدر ڈاکٹر حسن روحانی سے ملاقات کی۔ صدر ڈاکٹرحسن روحانی نے اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے تاریخی تعلقات اور ثقافتی مشترکات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے باہمی تعلقات اور تعاون میں تیزی لانے کے مقصد سے ایران اور جارجیا کے درمیان موجودہ صلاحیتوں کو فعال اور اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا- انہوں نے کہا کہ جارجیا، ایران کی گیس یورپ کو برآمد کرنے کا ایک راستہ بن سکتا ہے۔ صدر مملکت حسن روحانی نے علاقائی مسا‏ئل کے سلسلے میں ایران اور جارجیا کے تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی مسائل کے بارے میں سب کو ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے صدر حسن روحانی نے کہا کہ امن و استحکام کے قیام کے لیے تعاون کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی علاقے کے امن و استحکام کے نقصان میں ہے، مزید کہا کہ امن و استحکام کے قیام کا راستہ یہ ہے کہ سب جغرافیائی حدود کا احترام کریں اور اگر کوئي مشکل ہے تو اسے مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے دور کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو ایک دوسرے کے ہاتھ میں ہاتھ دینا چاہیے اور انتہا پسندی، تشدد اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنا چاہیے۔ جارجیا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر داویت اوساپا شویلی نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ آج ایران اور جارجیا کی توانائی اور اقتصاد کی وزارتوں کے درمیان بہترین تعاون ہو رہا ہے اور ان کا ملک باہمی تعاون کو فروغ دینے کا عزم رکھتا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲