اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ، امریکی جنگی بیڑا یو ایس ایس ایوو جما اور يوایس فورٹ میک ہنری بحیرہ احمر پہنچ گئے ہیں تاکہ بحران زدہ یمن سے امریکی سفارت خانے کے ملازمین کے ممکنہ اخراج کی صورت میں ان کی مدد کر سکیں۔
امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اے بی سی ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا کہ حکام یمن کی صورتحال پر پوری نظر رکھے ہوئے ہیں اور زمینی حالات کے مطابق سفارت خانے کی حفاظت کے نظام کو منظم کریں گے۔ ہمیں یمن میں گزشتہ کچھ دنوں کے دوران بدلتے حالات پر گہری تشویش ہے اور اسی لئے سفارت خانے کے ملازمین کو کم کر دیا گیا ہے اور سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
یمن میں کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب تحریک انصار اللہ نے اس ملک کے مغربی شہر حدا میں ایک چیک پوائنٹ سے صدر عبد ربہ منصور ہادی کے چیف آف اسٹاف کو گرفتار کر لیا۔ منگل کو تحریک انصار اللہ نے دارالحکومت صنعا میں ایوان صدر کو پوری طرح اپنے کنٹرول میں لے لیا تھا تاہم بعد میں تحریک انصار اللہ کے سربراہ عبد مالک الحوثي نے روٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصار اللہ کا ایوان صدر پر قبضہ نہیں ہے بلکہ تحریک انصار اللہ ایوان صدر کی حفاظت کر رہی ہے تاکہ وہاں پر موجود ہتھیاروں اور دیگر دستاویزات کی لوٹ مار کو روک سکیں۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب گزشتہ چند ماہ سے القاعدہ کے دہشت گردوں سے تحریک انصار اللہ کی لڑائی جاری ہے۔ یمن کی مرکزی حکومت اب تک القاعدہ کے دہشت گردوں سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔
.......
/169