21 جنوری 2015 - 05:57
اہانت رسول ص، قوموں کو تقسیم کرنے کی کوشش

پاکستان کی وزارت خارجہ نے فرانسیسی جریدے میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر شدید احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کی حرکتیں قوموں اور تہذیبوں کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ توہین آمیز خاکے قوموں اور تہذیبوں کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے حالانکہ اس وقت لوگوں میں ہم آہنگی پیدا کرنے کی ضرورت ہے نہ کہ اپنے ہی ملک میں تنہا کرنے کی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ توہین آمیز خاکوں کے حوالے سے سیکریٹری خارجہ او آئی سی کو خط لکھ رہے ہیں جس میں فرانسیسی جریدے کے خلاف قانونی کارروائی اور معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے اس معاملے پر مسلم امہ کو متفقہ طور پر لائحہ عمل اختیار کرنے کا کہا جائے گا۔ ادھر پاکستان سمیت دنیا بھر میں فرانسیسی جریدے کی جانب سے پیغمبر اسلام ص کی اہانت کے بعد مسلمانوں میں غم و غصے کی شدید لہر دوڑ چکی ہے اور فرانسیسی جریدے شارلی ہیبڈو کے خلاف بھرپور مظاہرے جاری ہیں۔

.......

/169