12 جنوری 2015 - 06:04
ایران و پاکستان کے درمیان تعلقات کے فروغ پر تاکید

ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان کے گورنر علی اوسط ہاشمی نے اپنے دورۂ پاکستان میں، بلوچستان کے وزیراعلی سے ملاقات کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے سیستان و بلوچستان کے گورنر اور بلوچستان پاکستان کے وزیر اعلی عبد المالک بلوچ نے اتوار کو شہر کوئٹہ میں ملاقات کی اور دو ہمسایہ ملکوں کے درمیان سیاسی ، سکورٹی اور اقتصادی شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تاکید کی ہے۔ ایران کے صوبۂ سیستان و بلوچستان کے گورنر نے اس ملاقات میں کہا کہ اسلامی جہموریۂ ایران پاکستان کے ساتھ تعلقات کے فروغ کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے۔ اوسط ہاشمی نے مشترکہ سرحدوں پر سکورٹی کی تقویت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ بعض شر پسند عناصر مشترکہ سرحدی علاقوں میں کشیدگی پھیلا کر دو پڑوسی ممالک کے درمیان تعلقات کو خراب کرنے میں کوشاں ہیں ۔ دونوں ممالک نے سرحد پر دہشت گردی کی روک تھام کیلیے فورسز اور خفیہ اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے موثر اقدمات کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلی بلوچستان اور گورنر سیستان و بلوچستان نے پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلیے تافتان کے علاوہ تربت' پنجگور اور گوادر کے مقام پر مزید تجارتی پوائنٹس کھولنے کا بھی اعلان کیا۔ دورے کے اختتام پر کوئٹہ میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہویے وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا تھا کہ سرحدی کشیدگی کے خاتمے کیلیے دونوں ممالک کو مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنی چاہیے۔ عبدالمالک بلوچ نے بھی سیستان و بلو چستان کے گورنر کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کسی بھی صورت میں اپنی زمین کو شدت پسندی اور ہمسایہ ملکوں میں دراندازی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیگا۔ وزیر اعلٰی بلوچستان کا پاکستان اور ایران گیس پائپ لائن کے حوالے سے کہنا تھا کہ ہم اس منصوبے کی فوری طور پر تکمیل کے خواہش مند ہیں۔

.......

/169