12 جنوری 2015 - 06:03
صدر ایران کے ساتھ قبرص کے وزیر خارجہ کی ملاقات

اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر نے کسی بھی قوم و ملت کے خلاف تشدد اور وحشیانہ اقدامات کی مذمت کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے روز تہران میں قبرص کے وزیر خارجہ ایوانیس کاسولیدیس کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ ایران جس طرح عراق، پاکستان، افغانستان، لبنان اور شام میں دہشت گرد عناصر کے ہاتھوں عوام کے قتل عام کو قابل نفرت اور قابل مذمت قرار دیتا ہے اسی طرح اگر فرانس، برطانیہ، جرمنی اور امریکہ میں بھی دہشت گردانہ کاروائیاں انجام پائیں تو وہ بھی قابل مذمت ہیں۔ صدر مملکت روحانی نے علاقے کے حالات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مشرق وسطی اور بحیرۂ روم کی جو صورتحال ہے اس کے لئے ضرورت ہے کہ انتہا پسندی، دہشت گردی اور تشدد سے مقابلے کے لئے زیادہ سے زيادہ باہمی تعاون انجام پائے۔ ڈاکٹر روحانی نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں فروغ پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ایران، یورپی یونین کے ساتھ گہرے اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے اور موجودہ حالات میں یورپی یونین کے ساتھ تہران کے تعلقات دن بہ دن بہتر ہورہے ہیں اور قبرص اس یونین کے ایک رکن کی حیثیت سے ایران اور یورپی یونین کے تعلقات کے مستحکم ہونے میں موثر کردار ادا کرسکتا ہے۔ قبرص کے وزیر خارجہ نے بھی اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ قبرص کی حکومت اور عوام بھی ایران کے ساتھ بہت زیادہ عقیدت اور لگاؤ رکھتے ہیں کہا کہ قبرص اقتصادی و سیاسی سمیت مختلف شعبوں میں اسلامی جمہوریۂ ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔

.......

/169