11 جنوری 2015 - 16:02
لبنانی شہر طرابلس میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائي کی مذمت

حزب اللہ لبنان نے لبنانی شہر طرابلس میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائي کی مذمت کرتے ہوئے لبنانی فوج اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ہے -

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس دہشت گردانہ کارروائي کا مقصد آشکار ہے اور اس بات پر تاکید ہے کہ لبنان کے تمام علاقوں کو، تکفیری دہشت گرد گروہوں کے مجرمانہ نظریئے سے پیدا شدہ، ایک مشترکہ خطرہ لاحق ہے –

اس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لبنان کے شمالی شہر طرابلس میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائي کا ہدف و مقصد لبنان کے عوام کے درمیان فتنہ پھیلانا ہے –

حزب اللہ لبنان نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک لبنان کی فوج اور سیکورٹی فورسز نیز سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون کی بھی اپیل کی ہے –

واضح رہے کہ طرابلس کے جبل محسن علاقے میں سنیچر کی شام کو ہونے والی دہشت گردانہ کارروائي میں نو افراد جاں بحق اور چھتیس زخمی ہوگئے تھے –

قابل ذکر ہے کہ طرابلس شہر کے لوگ حکومت شام کی حمایت کے لئے مشہور ہیں –

ادھر تکفیری دہشت گرد گروہ النصرہ نے لبنان کے شمالی شہر طرابلس میں ہونے والی اس کارروائي کی ذمہ داری قبول کرلی ہے –

مبصرین نے طرابلس میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائي کا مقصد اس لبنانی شہر میں فرقہ وارانہ کشیدگي اور فساد پھیلانا نیز حزب اللہ اور المستقبل پارٹی کے درمیان ہونے والے مذاکرات کو نقصان پہنچانا قراردیا ہے –

.......

/169