29 دسمبر 2014 - 11:26
سعودی عرب، العوامیہ کے شہداء کی تدفین، آل سعود حکومت کے خلاف مظاہرے

سعودی عرب کے مشرق میں العوامیہ کے عوام نے آل سعود مردہ باد کے نعروں کے ساتھ اپنے تین شہیدوں ابو عبداللہ، حسن الصلاب اور رضا البندری کی تجہیز و تدفین کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق  سعودی پولیس کے حملے اور بربریت کے نتیجے میں شہید ہونے والے تین شہداء کی تجہیز و تدفین کی تقریبات نے آل سعود حکومت کے خلاف احتجاج کا رخ اختیار کر لیا۔

خبر رساں ادارے فارس کی رپورٹ کے مطابق، اتوار کے روز سعودی عرب کے مشرقی صوبے الشرقیہ میں شیعہ اکثریتی شہر العوامیہ میں حال ہی میں سعودی پولیس کے حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے شہدا کی تشییع جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر شرکاء نے آل سعود حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

بیس دسمبر کو سیاسی کارکنوں کی آواز دبانے اور ان کی سرگرمیوں کو کچلنے کے لیے سعودی سیکورٹی فورسز نے شیعہ اکثریتی شہر العوامیہ پر حملہ کر دیا اور ایک بچے سمیت چار افراد کو شہید کر دیا۔ اس حملے میں بیس سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

سعودی عرب کے الشرقیہ صوبے میں سنہ دو ہزار گیارہ سے احتجاج اور مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ مظاہرین ملک میں سیاسی اصلاحات اور بڑے پیمانے پر موجود تبعیض کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

سعودی عرب میں تقریبا بیس فیصد شیعہ آبادی ہے لیکن انہیں بہت سے شہری حقوق حاصل نہیں ہیں۔ 

.......

/169