25 دسمبر 2014 - 06:54
پاکستان کی سرزمین دہشتگردوں کے لئے تنگ ہوچکی ہے

پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردوں نے قوم کے نونہالوں کو نشانہ بنا کر ملک کے مستقبل کے سینے میں خنجر گھونپا ہے اور اب دہشتگرد قوم کا فیصلہ سن لیں، ان کے دن گنے جاچکے ہیں اور اب ان کے لئے پاکستان کی سرزمین تنگ ہوچکی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا کی رپروٹ کے مطابق پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد قوم سے خطاب میں پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا سفاک قاتلوں نےقوم کے سینے پر گہرا زخم لگایا ہے۔ ہم اپنے بچوں کے لہو کا حساب لیں گے۔ پاکستان کےوزیراعظم نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد کا پاکستان بدل چکا ہے اب اس میں دہشت گردی، انتہا پسندی، فرقہ واریت اور عدم برداشت کی کوئی گنجائش نہیں ہے ہم نہ صرف دہشت گردی  بلکہ اس کی فکر اور سوچ کا بھی خاتمہ کریں گے۔ وزیراعظم نوازشریف نے اپنے خطاب میں پارلیمانی جماعتوں کے اجلاس میں جاری ہونے والے مشترکہ اعلامیے سے قوم کو آگا کرتے ہوئے بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف مشاورت سے ایکشن پلان تیار کرلیا گیا ہے اور اس حکمت عملی کو یقینی بنانے کےلیے آئین میں ترامیم اور قانون سازی کی جارہی ہے۔ انہوں نےکہا کہ کل کا پاکستان ایک پرسکون پاکستان ہوگا جہاں ہماری نسلیں سکون کی زندگی بسر کرسکیں گی، یہ ہم پر ایک قرض تھا جسے آج بہت عرصے بعد چکایا جارہا ہے۔

.......

/169