اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد کی منظوری کے ذریعے فلسطین عوام کو حق خود ارادیت دیئے جانے سے متعلق ایک قرارداد کی منظوری دیدی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک سو ترانوے ملکوں میں سے ایک سو اسی ملکوں نے ملت فلسطین کے حق میں ووٹ دیا ۔ اسرائيل، امریکا، کنیڈا، جزائر مارشل، پالاؤ، نائورو، اور مایکرونزیا نے اس قرار داد کی مخالفت میں ووٹ ڈالے جبکہ کیمرون، ٹونگا، پیراگوئے اور جنوبی سوڈان نے رائے شماری میں حصہ نہيں لیا۔
اس قرار داد میں ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام کے سلسلے میں ملت فلسطین کے حق کو تسلیم کیا گيا ہے اور اقوام متحدہ سے وابستہ تمام اداروں اور ملکوں پر زور دیا گيا ہے کہ وہ اس سلسلے میں ملت فلسطین کی مدد و حمایت کریں۔ اس رپورٹ کے مطابق فلسطین پر قبضے کے خاتمے سے متعلق قرار داد کا مسودہ بہت جلد سلامتی کونسل میں رائے شماری کے لئے پیش کیا جائے گا۔
فلسطینوں نے بدھ کے روز اپنی سرزمین پر قبضے کے خاتمے اور انیس سڑسٹھ کی سرزمینوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کی تشکیل سے متعلق قرار داد کا مسودہ سلامتی کونسل میں رائے شماری کے لئے پیش کیا ہے۔ اس قرارد کے مطابق بیت المقدس فلسطینی حکومت کا مستقل دارالحکومت قرار پائے گا۔
.......
/169