10 دسمبر 2014 - 11:20
ملک ٹکراؤ کی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا، مذاکرات ہی مسائل کا واحد حل ہیں، علامہ ساجد نقوی

راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو میں ٹی جے پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو بالغ نظری اور سیاسی شعور کا مظاہرہ کرنا چاہیئے اور فی الفور سازگار فضا قائم کرکے موجودہ سیاسی بحران کا حل نکالا جانا چاہیئے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق تحریک جعفریہ پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ سیاسی مسائل کا حل مذاکرات کی میز پر نکلتا ہے۔ موجودہ سیاسی بحران کے حل کیلئے فضا کو سازگار بنا کر فی الفور مذاکرات شروع کئے جائیں اور عوام کو مشکل صورتحال سے نکالا جائے۔ کرپشن نے ملک کی معیشت کو زبوں حالی کی جانب دھکیل دیا۔ اداروں میں شفافیت لانا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو صحافیوں سے گفتگو اور مختلف رہنماؤں سے ملاقاتوں کے دوران کیا۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ سیاسی جماعتوں کو بالغ نظری اور سیاسی شعور کا مظاہرہ کرنا چاہیئے اور فی الفور سازگار فضا قائم کرکے موجودہ سیاسی بحران کا حل نکالا جانا چاہیئے۔

ایک سوال پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ملک کسی بھی صورت میں ٹکراؤ کی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا، مذاکرات ہی مسائل کا واحد حل ہیں۔ اس لئے سیاسی جماعتیں وسعت قلبی اور سیاسی شعور کا عملی مظاہرہ کریں اور قوم کو اس مشکل صورتحال سے نکالیں۔ اینٹی کرپشن کے عالمی یوم کے موقع پر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ کرپشن نے ملک کی معیشت کو زبوں حالی کی جانب دھکیل دیا ہے۔ ہمیں ملک میں معاشی استحکام کیلئے اصلاحات لانا ہونگی اور اداروں میں شفافیت اور چیک اینڈ بیلنس کے نظام کو عملی طور پر نافذ کرنا ہوگا۔ تب ہی ملک سے صحیح معنوں میں کرپشن کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے، لیکن افسوس اس وقت ملک کے تقریباً اداروں میں بدعنوانی عروج پر ہے، جس کا خاتمہ کیا جانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169