اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فلسطینی کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جرائم اور اس کے جارحانہ عزائم کا صرف صیہونی مخالف جدوجہد جاری رکھ کر ہی مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے اخبار الشرق الاوسط سے گفتگو میں، فلسطینی قوم کیلئے عربوں اور تمام مسلمانوں کی حمایت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اب وہ وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری بھی، امت مسلمہ کی فریاد سنے اور فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کرے۔ فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ خالد مشعل نے کہا کہ مسجد الاقصی کو آزاد کرانا صرف فلسطینیوں کی ہی نہیں بلکہ سارے عربوں اور تمام مسلمانوں کی ذمہ داری ہے۔ انھوں نے فلسطین کی متحدہ قومی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ، لوگوں کو پناہ دینے،غزہ کی تعمیر نو، زخمیوں کے علاج و معالجے، غزہ کے محاصرے کے خاتمے اور گذرگاہوں کے کھولنے کیلئے فوری طور پر اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے۔ انھوں نے کہا کہ غزہ کے خلاف حالیہ پچاس روزہ جنگ میں فلسطینیوں کے اتحاد و یکجہتی نے اس بات کو ثابت کیا ہے کہ حماس اور تحریک مزاحمت نے فلسطینیوں کے اذہان، عالم اسلام اور دنیائے عرب میں حماس کے مقام کو ایک قابل افتخار نمونے میں تبدیل کردیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲