5 نومبر 2014 - 13:08
یمن انصار اللہ تحریک کے قائد: القاعدہ سے لڑنے کے لیے حکومت میں سیاسی عزم کی کمی ہے

یمن انصار اللہ تحریک کے قائد: القاعدہ سے لڑنے کے لیے حکومت میں سیاسی عزم کی کمی ہے

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق یمن میں شیعہ انصار اللہ تحریک کے قائد نے یمنی حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ اس میں تکفیری دہشت گردوں سے لڑنے کے لیے سیاسی عزم کی کمی ہے۔

منگل کو روز عاشور کی مناسبت سے منعقدہ عزارداری کی تقریبات میں شریک عزاداروں کو خطاب کرتے ہوئے عبد الملک الحوثی نے کہا کہ ملک میں تکفیری دہشت گردی میں اضافے کے خطرے کے پیش نظر صدر عبد ربہ منصور ہادی کی حکومت میں دہشت گردی کے خلاف لڑائی کے لیے سیاسی عزم کی کمی ہے۔

الحوثی کا بیان یمنی دارالحکومت صنعا کے جنوب میں واقع ایک شہر میں انصار اللہ کے انقلابی گارڈز اور القاعدہ کے دہشت گردوں کے درمیان جھڑپوں کے چند گھنٹوں کے بعد آیا ہے۔

اس مہلک جھڑپ میں 30 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

یمن میں القاعدہ کے دہشت گرد اکثر سیکورٹی اہکاروں کو ہدف قرار دیتے رہتے ہیں اور گزشتہ چند دنوں سے انصار اللہ کے مجاہدین پر انہوں نے اپنے حملوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

2012 میں سعودی عرب اور امریکہ کی حمایت سے صرف ایک ہی امیدوار کے لیے ہوئے صدارتی انتخاب کے نتیجے میں منصور ہادی کے صدر بننے کے بعد سے یمن میں القاعدہ کے حملوں میں قابل ذکر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

الحوثی نے اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی جانب سے یمن پر پابندیوں کی دھمکی پر بھی شدید نکتہ چینی کی۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169