اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ حزب اللہ لبنان کی ايگزیکٹیو کونسل کے سربراہ سید ہاشم صفی الدین نے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی، علاقے میں اپنے مقصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہوسکیں گے۔ انھوں نے دارالحکومت بیروت کے جنوب میں ضاحیہ کے علاقے میں کہا کہ امریکہ اور اس کے اتحادی، اگر یہ سمجھتے ہیں کہ وہ علاقے پر اپنا تسلط جما سکتے ہیں اور جو چاہیں اس علاقے میں کرسکتے ہیں تو وہ سخت مغالطے میں ہیں۔ حزب اللہ لبنان کی ايگزیکیٹیو کونسل کے سربراہ سید ہاشم صفی الدین نے کہا کہ دہشتگردوں کو اسلحہ اور پیسہ فراہم کرنے والے ممالک کے حکمراں، بالکل نادان ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بعض ممالک یہ سمجھتے ہیں شام کے شہر کوبانی میں عورتوں اور بچوں کے قتل عام سے اپنے مقاصد حاصل کرسکتے ہیں جبکہ یہ ان کی غلط فہمی ہے۔ واضح رہے کہ ترکی کی سرحد کے قریب واقع شام کے شہر کوبانی پر داعش دہشتگردوں کے وحشیانہ حملے جاری ہیں اور بعض پڑوسی ممالک منجملہ ترکی، اس بربریت کا صرف نظارہ کررہا ہے اور وہ یہ سمجھتا ہے کہ اس قسم کی بربریت سے اسےفائدہ پہنچ سکتا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ کوبانی کے شہریوں کیلئے امداد پہنچائے جانے کی راہ میں بھی رکاوٹیں کھڑی کررہا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲