اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق، ویانا میں یہودی خواتین نے غزہ کی پٹی کے محاصرے کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا فلسطینیوں کے حقوق کو تسلیم کرے.
مظاہرے میں شامل خواتین نے ہاتھوں میں ایسے پلےكارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر لکھا ہوا تھا کہ سات برسوں سے جاری غزہ کی ناکہ بندی کو فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیئے اور اتنی بڑی آبادی کو اس کے بنیادی حقوق سے محروم رکھنا سخت نا انصافی ہے.
مظاہرین یہودی خواتین نے مغربی ممالک سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل غزہ کی ناکہ بندی ختم نہیں کرتا ہے اور فلسطین کو ایک خود مختار ملک کے طور پر تسلیم نہیں کرتا ہے تو اس کے مصنوعات اور کمپنیوں کا بائیکاٹ کیا جائے.
ویانا میں یہودی خواتین کی تنظیم کی سربراہ پايولا حوراني نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ملت فلسطین کا مطالبہ انصاف پر مبنی مطالبہ ہے، اور فلسطینی عوام کو اپنا خود مختار ملک تشکیل دینے اور پرامن زندگی گزارنے کا مکمل حق ہے.
واضح رہے کہ سویڈن کی طرف سے خود مختار فلسطینی ملک کو تسلیم کرنے کے فیصلے کے اعلان کے بعد سے پوری دنیا میں اس کی حمایت میں آواز اٹھنے لگی ہے.
اگرچہ یورپ کے چند ملک پہلے ہی اس طرح کا اعلان کر چکے ہیں، تاہم سویڈن یورپی یونین کا پہلا ایسا رکن ملک ہے جس نے فلسطین کو خود مختار ملک کے طور پر تسلیم کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا ہے.
اس کے بعد سے دوسرے یورپی ممالک میں عوام اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے اپنی حکومتوں پر سویڈن کی پیروی کرنے کے لئے دباؤ بڑھ گیا ہے.
.......
/169