اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان الیکشن کمیشن نے اراکین اسمبلی کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ پرجاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کا آخری دن ہے اس کے باوجود تحریک انصاف پاکستان کے سربراہ عمران خان سمیت آٹھ سوسے زائد ارکان اسمبلی نے اب تک تفصیلات نہیں جمع کرائیں۔الیکشن کمیشن میں اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کا آج آخری دن ہے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے ایک ہزار ایک سوچوہتر میں سے اب تک چارسوچودہ اراکین نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرا ئی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے ایک سوستر اور سینیٹ کےچھپن اراکین نے اب تک اثاثوں کی تفصیلات جمع کرا ئی ہیں۔ وزیر اعظم نواز شریف نے بھی اپنے گوشوارے جمع کرا دیے ہیں مگر عمران خان سمیت پنجاب،سندھ اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ نے اثاثوں کی تفصیلات ابھی تک جمع نہیں کرائیں۔ الیکشن کمیشن نے سینیٹ ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کوتیس ستمبر تک اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔ الیکشن کمیشن پندرہ اکتوبر کو ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان کی رکنیت معطل کردے گا۔
.......
/169