29 ستمبر 2014 - 11:48
عالمی برادری کیلئے سب سے بڑا مسئلہ امریکہ

سابق سوویت یونین کے آخری رہنما میخائیل گورباچف نے کہا ہے کہ امریکہ اور عالمی قیادت سے متعلق اس کا دعوی، پوری عالمی برادری کیلئے سب سے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق سابق سوویت یونین کے آخری رہنما میخائیل گورباچف نے کہا ہے کہ امریکہ اور عالمی قیادت سے متعلق اس کا دعوی، پوری عالمی برادری کیلئے سب سے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے۔ انھوں نے رشین نیوز ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، دانستہ طور پر یورپی ملکوں کے درمیان اختلاف پیدا کررہا ہے اور یوکرین کا مسئلہ، امریکہ کی مداخلت کیلئے ایک دستاویز بن گیا ہے۔ سابق سوویت یونین کے آخری رہنما میخائیل گورباچف نے کہا کہ امریکہ اور روس کے تعلقات کشیدہ ہونے کے باوجود ان دونوں ملکوں کے درمیان ابھی سرد جنگ کا آغاز نہیں ہوا ہے تاہم اس جنگ کے آثار نمایاں ہونے شروع ہوگئے ہیں۔ انھوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے امریکی صدر بارک اوباما کے خطاب کی طرف اشارہ کرتے ہوئے، کہ جس میں انھوں نے روس کو عالمی خطرہ قرار دیا تھا، اس بیان کو ماسکو کی توہین سے تعبیر کیا اور کہا کہ امریکہ، اپنی اس پالیسی سے دیگر ملکوں کو روس کے خلاف اکسانے کی کوشش کررہا ہے۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں امریکی صدر بارک اوبامانے ایبولا وائرس کے بعد روس کی جارحیت کو عالمی سلامتی کیلئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا تھا۔

.......

/169