اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ذرائع کے مطابق امریکی عدالت نے ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کو 2002 میں گجرات میں ہونے والے مسلم کش فسادات کے دوران انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے پرطلب کرلیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق نیویارک کی ایک عدالت نے وزیر اعظم نریندر مودی کو 2002 میں بھارتی ریاست گجرات میں ہونے والے مسلم کش فسادات کے دوران انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی پر طلب کرتے ہوئے 21 روز میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ امریکی عدالت کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم کی طلبی ایسے وقت سامنے آئی ہے جب وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کےلئے 5 روزہ دورے پر امریکہ جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ 2002 کے دوران بھارتی ریاست گجرات میں انتہا پسند ہندوؤں نے نریندرمودی کے دوراقتدار میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل کیا تھا، بھارت کے علاوہ عالمی تنظیموں نے بھی اس کی براہ راست ذمہ داری نریندر مودی پر عائد کی تھی جب کہ امریکہ نے تو مودی کو ان فسادات کا براہ راست ذمہ دارٹھہراتے ہوئے اس کا اپنے ملک میں داخلہ ہی بند کردیا تھا۔کیس کی درخواست گزار غیر منافع بخش تنظیم امریکن جسٹس سینٹر ہے، جس نے 2002 میں گجرات فسادات میں بچ جانے والوں کی جانب سے مقدمے کی درخواست دی ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲