16 ستمبر 2014 - 15:11
مسلح افواج کے کمانڈر انچیف اور عوام کے درمیان گہرے بندھن سے ایرانی فوج کو اقتدار حاصل

حسین دھقان نے کہا کہ ایران میں رہبر انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف حضرت آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور عوام کے درمیان گہرے بندھن سے ایران کی مسلح افواج کا اقتدار، کئی گنا بلند ہوا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیر جنرل حسین دہقان نے اپنے دورۂ ترکمنستان میں اس ملک کے ڈیفنس کالج کے طلباء سے اپنے خطاب میں علاقے اور عالمی مسائل کے حوالے سے ایران کی پالیسیوں اور مواقف پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انھوں نے اس کالج کے مختلف محکموں کا معائنہ کرنے کے بعد اپنی تقریر میں کہا کہ ایران کی مسلح افواج، علاقائی و غیر علاقائی سطح پر قومی سلامتی اور امن و استحکام کے تحفظ میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔ایران کے وزیر دفاع نے ایران کی مسلح افواج کی تربیتی توانائی و صلاحیتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس سلسلے میں ترکمنستان کے ساتھ تعاون کیلئے تہران کی آمادگی کا اعلان کیا۔انھوں نے کہا کہ ایران میں رہبر انقلاب اسلامی اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف حضرت آیۃ اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور عوام کے درمیان گہرے بندھن سے ایران کی مسلح افواج کا اقتدار، کئی گنا بلند ہوا ہے۔انھوں نے ایران کے خلاف مسلط کردہ آٹھ سالہ جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی عوام، مسلط کی جانے والی جنگ کے باوجود تسلط پسندانہ نظام کو شکست، اور اپنے قومی مفادات اور امن و استحکام کا تحفظ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ قابل ذکر ہے کہ ایران کے وزیر دفاع، ترکمنستان کے اپنے ہم منصب کی دعوت پر اس ملک کے دورے پر کل عشق آباد پہنچے ہیں۔ ترکمنستان کی آزادی کے بعد ایران کے وزیر دفاع کا یہ پہلا دورۂ ترکمنستان ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲