16 ستمبر 2014 - 09:07
پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد دو ملین سے متجاوز

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے اپنی حالیہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان بھر میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد اب دو ملین سے تجاوز کرچکی ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے نگران ادارے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے اپنی حالیہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ پاکستان بھر میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی تعداد اب دو ملین سے تجاوز کرچکی ہے، جبکہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں پیش آنے والے مختلف واقعات میں سیکٹروں افراد ہلاک ہوئے ہیں۔دوسری طرف سیلاب صوبہ پنجاب میں تباہیاں پھیلانے کے بعداب صوبہ سندھ میں داخل ہوگیاہے جہاں گھوٹکی کے مقام پر سیکڑوں دیہاتوں کے مکین کشتیوں پر اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقامات پر منتقل ہو رہے ہیں۔
پاکستان سے موصولہ خبروں کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے جہاں پانی کی آمد دو لاکھ ساٹھ ہزار کیوسک ہوچکی ہے جبکہ کشمور سے پانی کا اخراج دو لاکھ اڑتیس ہزار آٹھ سو اسی کیوسک ہے۔
فوج اور ریسکیو ٹیمیں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہی ہیں۔
ریسکیو ٹیموں نے 50 ہزار 6 سو لوگوں کو پنجاب بھر میں ریسکیو کیا۔
خیال رہے پنجاب اور کشمیر میں رواں سالہ مون سون کی شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلائی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲