اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گذشتہ روز ہزاروں افراد نے مظاہرے کر کے آل سعود کی حکومت کو خبردار کیا کہ اگر سعودی عرب نے روضہ رسول (ص) کے انہدام کے حوالے سے کوئی اقدام کیا تو پاکستان کے عوام خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کی اپیل پر ہونے والے اس مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین مولانا ابرار احمد رحمانی نے کہا کہ حرم مطہر پیغمبر اکرم (ص) اور گنبد خضریٰ کے انہدام کے عزائم رکھنا گستاخی رسول (ص) کے زمرے میں آتا ہے۔ اہلسنت قائدین نے مظاہرین سے خطاب میں کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی عقیدتوں کے مرکز روضہ رسول کی منتقلی اور انہدام کی اطلاع پر عالم اسلام شدید کرب و تشویش کا شکار ہے، گنبد خضریٰ کی عظمت و تقدس مسلمانوں کے ایمان کا لازمی جز ہے، اس کی بے حرمتی برداشت نہیں کی جائے گي۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲