1 ستمبر 2014 - 01:54
پاکستانی فوج نے سیاسی بحران کو حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا

پاکستان کی فوج نے سیاسی بحران وقت ضائع کئے بغیر سیاسی طور پر جلد حل کرنے پر زور دیتے ہوئے جمہوریت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کی فوج نے سیاسی بحران وقت ضائع کئے بغیر سیاسی طور پر جلد حل کرنے پر زور دیتے ہوئے جمہوریت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے، پاکستانی فوج کور کمانڈرز کانفرنس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ طاقت کا استعمال مسائل کو مزید بڑھائے گا، پاکستان کی فوج قومی خواہشات پوری کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ جی ایچ کیو راولپنڈی میں پاکستان کے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت ہنگامی کور کمانڈرز کانفرنس ختم ہوگئی، کمانڈرز کا اجلاس 3 گھنٹے سے زائد جاری رہا،  کانفرنس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور بحران پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا، انسانی جانوں کے ضیاع اور سیکڑوں لوگوں کے زخمی ہونے پر بھی اظہار تشویش کیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں جمہوریت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا گیا جبکہ فوج ریاست کی سیکیورٹی کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے بھی پرعزم ہے، اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پاک فوج قومی خواہشات پوری کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔ اعلی فوجی افسران نے اتفاق کیا کہ سیاسی بحران بغیر وقت ضائع کئے سیاسی طور پر حل ہونے چاہئیں، پرتشدد راستہ اختیار نہیں کرنا چاہئے، طاقت کا استعمال مسائل کو مزید بڑھائے گا، طاقت کے مزید استعمال سے گریز کرنا چاہئے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲