27 اگست 2014 - 02:00
عراق دھشتگردانہ کاروائیاں، ۴۳ افراد جانبحق اور زخمی

عراق کے دارالحکومت بغداد میں دہشتگردانہ دھماکوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ فرانس پریس کی رپورٹ کےمطابق کل صبح مشرقی بغداد کے بھیڑ بھاڑ والے علاقے میں ہونے والے ایک کار بم دھماکے میں دس افراد ہلاک اور تینتیس زخمی ہوگئے۔ عراق میں دہشتگردانہ حملوں کی نئی لہر ایسے عالم میں شروع ہوئي ہے کہ عراقی سیکورٹی اہلکار اور فوج اس ملک کے مختلف علاقوں میں داعش کے خلاف برسرپیکار ہے۔ جبکہ صوبہ نینوا میں عراقی فوج کی مدد سے پیشمرگہ فورسز داعش دہشتگردوں کا صفایا جاری رکھے ہوئے ہے۔ پیشمرگہ کے کمانڈر نے صوبہ نینوا کے بڑے علاقے پر کنٹرول کے بعد تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ ایک دیہات کے علاوہ شہرمخمور کےقریب کے تمام علاقوں سے دہشتگردوں کاصفایا کردیاگیا ہے۔ عراقی کردستان کے ایک سیکورٹی اہلکار جمال مرتکا نے العالم کو انٹرویو دیتے ہوئے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ داعش کے زیرکنٹرول کرد نشین علاقوں سے ان کا صفایا کرنے کے لئے پیشمرگہ کے پاس خصوصی پروگرام ہے کہا کہ ان فورسز کے پاس عرب نشین علاقوں سے داعش کےخاتمے کے لئے کوئي پروگرام نہيں ہے۔ درایں اثنا صوبہ نینوا کے ام الربیعین کونسل کے سربراہ زہیرالجلبی نے موصل ڈیم پر داعش کے قبضے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈیم بدستور پیشمرگہ کے کنٹرول میں ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲