20 اگست 2014 - 13:43
انقلاب مارچ کی حمایت میں کراچی سمیت سندھ بھر میں دھرنوں کا آغاز

مجلس وحدت المسلمین ،عوامی تحریک ق لیگ اورسنی تحریک کے رہنمائوں نے اسلام آباد میں لانگ مارچ اور انقلاب مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پیر سے کراچی سمیت سندھ بھر اور بلوچستان میں احتجاجی دھرنوں کے آغاز کا اعلان کردیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت المسلمین ،عوامی تحریک ق لیگ اورسنی تحریک کے رہنمائوں نے اسلام آباد میں لانگ مارچ اور انقلاب مارچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے پیر سے کراچی سمیت سندھ بھر اور بلوچستان میں احتجاجی دھرنوں کے آغاز کا اعلان کردیا ہے۔ نمائش چورنگی سے کراچی میں اس تحریک کا آغاز کرتے ہوئے حکومت کو متنبہ کیا گیا ہے کہ جب تک موجودہ حکومت مستعفیٰ نہیں ہوجاتی یہ دھرنا جاری رکھا جائے گا۔ ان تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں نے کراچی پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ احتجاجی دھرنے ملک سے کرپٹ، چور اور ڈاکو لٹیروں اور دہشت گردوں کے سرپرستوں کی حکومت کے خاتمے تک جاری رہیں گے۔ پنجاب حکومت نے سانحہ ماڈل ٹائون کی عدالتی تحقیقاتی رپورٹ کو ایک ہفتہ تک عوام کی نظروں سے اوجھل رکھا ،اب جب رپورٹ منظرعام پر آچکی ہے تو سانحہ کے مرکزی ملزم اور پندرہ بے گناہ خواتین و جوانوں کے قاتل شہباز شریف اورنواز شریف کا مسند اقتدار پربیٹھے رہناآئین اور قانون کی کھلم کھلا توہین ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان،ملک کو حقیقی جمہوری آزادی دلوانے اور اہل سنت کے ساتھ قائم اسٹراٹیجک پارٹنر شپ کی بقاء کے لئے اپنے خون کے آخری قطرے تک میدان میں حاضر رہے گی۔ پریس کانفرنس سے مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علی حسین نقوی، علامہ علی انور، پاکستان عوامی تحریک کے قاضی زاہد حسین ،محمود میمن، پاکستان مسلم لیگ ق کے جعفر الحسن ، ثمر مہدی ، سنی تحریک کے مطلوب اعوان اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ انقلاب مارچ اسلام آباد میں ملک سے کرپٹ، چور اور ڈاکو لٹیروں اور دہشت گردوں کے سرپرستوں کی حکومت کے خاتمے کے لئے پر عزم جد وجہد جاری ہے اور لاکھوں کی تعداد میں مرد وخواتین اس تحریک کے ساتھ آخری دم تک رہنے کے لئے تیار ہیں۔

.......

/169