20 اگست 2014 - 13:07
غزہ پر اسرائیل کے تازہ حملے، 11 شہید، 50 زخمی

غزہ پر اسرائیل کے تازہ حملوں میں 11 فلسطینی شہید اور 50 دیگر زخمی ہوگئے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی رات کو اسرائیلی جنگی طیاروں نے ایک بار پھر غزہ کے متعدد علاقوں پر بم باری کی جس میں 11 فلسطینی شہید اور 50 دیگر زخمی ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مرکزی غزہ پٹی کے دیر البلح علاقے میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے ایک گھر کو نشانہ بنایا جس میں آٹھ فلسطینی شہید ہوئے۔ شہید ہونے والوں میں تین بچے اور تین خواتین بھی شامل ہیں۔ طبی ذرائع نے بتایا کہ حملے میں ایک حاملہ خاتون بھی شہید ہو گئی۔
اسی طرح الشیخ الرضوان نامی سڑک پر واقع ایک گھر پر پانچ میزائل فائر کئے گئے جس میں ایک بچہ سمیت تین افراد شہید اور 16 زخمی ہوئے۔ اسی طرح الروضہ نامی مسجد کے پاس لوگوں کی بھیڑ کو نشانہ بنایا گیا جس میں 10 افراد زخمی ہوئے۔
جنوبی رفح کے الشابورہ کیمپ پر ہونے والے حملے میں 10 فلسطینیی زخمی ہوئے۔ 24 گھنٹے کی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیلی جنگی طیارے کل شام سے فلسطینی علاقوں پر 30
حملے کر چکے ہیں جس میں البریج کیمپ میں ایمبولینس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
دسری جانب بدھ کی صبح اسرائیلی فوجیوں نے فلسطین کی آزادی کے عوامی محاذ کی رہنما خالدہ جرار کو رام اللہ سے اریحا کی جانب شہر بدر کر دیا ہے۔
انہوں نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ صیہونی فوجیوں نے کہا ہے 24 گھنٹے کے اندر وہ اریحا کی جانب روانہ ہو جائیں۔
واضح رہے کہ 80 کے عشرے کے بعد سے صیہونی حکومت کی اس طرح کی یہ پہلی کاروائی ہے۔
ادھر فلسطینی مزاحمت کاروں نے غزہ پر اسرائیل کے حملوں کے جواب میں مقبوضہ بیت المقدس، بن گورین ہوائی اڈے اور صیہونی کالونیوں پر دسیوں میزائل فائر کئے۔ بن گورین ہوائی اڈے پر ہونے والے حملے کی وجہ سے کئی یورپی ممالک کی پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
فلسطینیوں نے ایم-75 اور فجر-5 میزائل مقبوضہ علاقوں پر فائر کئے۔
.......

/169