12 اگست 2014 - 07:48
دہشتگردوں کو دوبارہ اکٹھا ہونے دیا جائیگا نہ علاقے میں واپس آنے دیا جائیگا، کور کمانڈرز کانفرنس

کور کمانڈرز کانفرنس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں ابتک ہونیوالی پیشرفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور آپریشن کے دوران جواںمردی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں اور شہیدوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مدد اور قوم کی دعائوں سے دہشتگردوں کیخلاف جاری آپریشن ضرب عضب کامیاب ہوگا۔ کور کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی، جس میں ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کو شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کو دوبارہ متحد نہیں ہونے دیں گے۔ قوم کی دعائوں اور اللہ کی نصرت سے آپریشن ضرب عضب کامیاب ہوگا۔ آرمی چیف نے آپریشن میں حاصل کامیابیوں کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آپریشن کے ثمرات کو سمیٹنے کیلئے تمام فریقین طویل مدتی پالیسی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بےگھر افراد کی امداد کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ شمالی وزرستان کے بےگھر افراد کو ان کے گھروں میں جلد از جلد آباد کیا جائیگا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ دہشتگردوں کو ملک میں کہیں بھی جگہ نہیں دی جائے گی جبکہ دہشتگردوں کو نہ منظم ہونے دیا جائیگا اورنہ علاقوں میں واپس آنے دینگے۔

دیگر ذرائع کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشت گردوں کو دوبارہ اکٹھا ہونے دیا جائے گا نہ علاقے میں واپس آنے دیا جائے گا اور نہ ہی انہیں ملک بھر میں کہیں کوئی جگہ ملے گی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہےکہ اللہ کی مدد اور جرات مند قوم کی حمایت سے آپریشن ضرب عضب کامیاب ہوگا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب اور ملکی سکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب میں اب تک ہونے والی پیشرفت پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور آپریشن کے دوران جواں مردی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں اور شہیدوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہادر قبائلوں کی قربانیوں اور تعاون کو سراہتے ہوئے آرمی چیف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہےکہ آئی ڈی کو بہترین سہولیات اور ان کی گھروں کو جلد واپسی کے لئے ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے۔

.......

169