11 اگست 2014 - 07:41
سربراہان مملکت نے طیارہ حادثے میں جانبحق ہوئے افراد کے بازمانگان کو تعزیت پیش کی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر، پارلیمنٹ کے اسپیکر اور عدلیہ کے سربراہ نے ایرانی ہوائی جہاز کے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور ملت ایران کو تعزیت پیش کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر، پارلیمنٹ کے اسپیکر اور عدلیہ کے سربراہ نے ایرانی ہوائی جہاز کے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور ملت ایران کو تعزیت پیش کی ہے۔ صدارتی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے دن کابینہ کے اجلاس میں ایران کے مسافربردار طیارے  "ایران ایک سو چالیس" کے سانحے میں اڑتیس ایرانی شہریوں  کے مارے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس حادثے میں زخمی ہونے والوں کے لۓ جلد از جلد شفایابی کی دعا کی۔ صدر مملکت نے وزیر صحت کو بھی حکم دیا ہےکہ اس سانحے میں زخمی ہونے والوں کے علاج معالجے کے لۓ تمام ضروری اقدامات انجام دیۓ جائيں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر علی لاریجانی نے بھی ایک پیغام میں ہوائی جہاز کے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو تعزیت  پیش کرتے ہوئے شہری ہوا بازی کے ادارے اور دوسرے متعلقہ اداروں سے کہا ہے کہ وہ اس حادثے کی وجہ کا پتہ لگائيں اور اس سلسلے میں اپنی تحقیقات سے آگاہ کریں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی عدلیہ کے سربراہ آيت اللہ آملی لاریجانی نے بھی ایک پیغام میں ایران کے مسافر بردار طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کی ہے۔ عدلیہ کے سربراہ کے پیغام میں ایران ایک سو چالیس طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گيا ہے کہ میں اس سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو تعزیت پیش کرتے ہوئے اور ان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے لۓ اللہ تعالی سے مغفرت اور ان کے لواحقین کے لۓ صبر جمیل اور اجر جزیل کی دعا کرتا ہوں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲