ابنا: رپورٹ کے مطابق وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے آج ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ویانا میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان جاری جوہری مذاکرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ فریقین کے درمیان گفتگو معین وقت میں پائیدار، منطقی اور منصفانہ سمجھوتے پر منتج ہوگی۔ مرضیہ افخم نے مزید کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات میں اب سخت مسائل پر بات چیت ہورہی ہے اور ابھی بھی بعض مسائل پر بنیادی اختلافات موجود ہیں لیکن مذاکرات ٹھوس طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے، لیکن یہ پیشرفت سست روی کا شکار ہے، اس امید کا اظہار کیا کہ مقابل فریق حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران کے پرامن جوہری پروگرام کے حوالے سے منطقی فیصلہ کرے۔ مرضیہ افخم نے افغانستان کے صدارتی انتخابات کے دوسرے دور کے ابتدائی نتائج کے اعلان کے بعد افغانستان میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے، افغانستان کے صدارتی انتخابات کے دونوں نامزد امیدواروں کو صبر و تحمل سے کام لینے کی دعوت دی اور کہا کہ افغانستان کو امن و استحکام کی ضرورت ہے اور کسی بھی مشکل کے حل کے لئے قانونی راستوں کا انتخاب کیا جائے۔ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے غزہ پر غاضب صہیونی حکومت کے تازہ وحشیانہ حملوں پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین میں غاصب صہیونی حکومت کے وحشیانہ جرائم، فلسطین کی مزاحمت کے مقابلے میں اس حکومت کی بوکھلاہٹ کے عکاس ہیں۔ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے عالمی برادری اور بین الاقوامی اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مظلوم فلسطینیوں پر غاصب صہیونی حکومت کے وحشیانہ حملوں پر اپنا ردعمل ظاہر کریں۔
.......
/169