5 جولائی 2014 - 12:19
عراق میں بے گھر ہونے والوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ

عراق میں اقوام متحدہ کے دفتر نے کہا ہے کہ نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  لبنان کی العہد ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی مدد کے لۓ قائم اقوام متحدہ کے دفتر نے ہفتے کے دن ایک بیان جاری کیا جس میں آیا ہے کہ دہشتگردانہ اقدامات اور تشدد کے نتیجے میں عراق کے مختلف شہروں سے تین لاکھ پچہترہزار سے زیادہ عراقی بے گھر ہوچکے ہیں۔ اس بیان میں مزید آیا ہے کہ جون کے مہینے میں دہشتگرد گروہ داعش کے حملوں کے نتیجے میں ایک ہزار چار سو افراد جاں بحق اور تقریبا دو ہزار دوسو زخمی ہوئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گيا ہے کہ بے گھر ہونے والے عراقی شہری بہت ابتر صورتحال میں زندگي بسر کر رہے ہیں اور وہ رہائش سمیت زندگي کی بنیادی ضروریات سے بھی محروم ہیں۔ واضح رہے کہ عراق میں حالیہ ہفتوں کے دوران دہشتگرد گروہ داعش کے حملوں میں شدت پیدا ہوگئي ہے اور اس دہشتگرد گروہ کے عناصر کی جانب سے موصل ، صلاح الدین اور الانبار پر حملوں کے بعد ان علاقوں کے لوگ عراق کے جنوبی اور مشرقی شہروں میں منتقل ہوچکے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲